Saturday, 22 March, 2008, 19:01 GMT 00:01 PST
ارمان صابر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چئرمین مخدوم امین فہیم نے یوسف رضا گیلانی کے امیدوار نامزد ہونے کے بعد کہا کہ انہیں بہت پہلے سے معلوم تھا کہ یہی کچھ ہوگا۔
انہوں نے یوسف رضا گیلانی کو وزیر اعظم کے امیدوار نامزد کیے جانے پر مبارکباد دی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے پیر کو اسمبلی جائیں گے۔
مخدوم امین فہیم نے کہا کہ وہ پارٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی ان کی اپنی پارٹی ہے جس کے لیے انہوں نے خون پسینا بہایا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کو پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم نامزد کیے جانے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ عہدوں کے پیچھے اصول توڑنا درست نہیں ہے اور میں اصولوں پر قائم رہنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے یوسف رضا گیلانی کے بارے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ عوام کی مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ کیا انہیں اعلان کرنے سے پہلے اعتماد میں لیا گیا تھا، مخدوم امین فہیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس اعلان کے لیے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور یہ آپس میں پارٹی کے لوگوں کے ساتھ مشاورت ہوتی رہی۔ بہرحال اب فیصلہ آگیا ہے اور جو بھی فیصلہ ہے اس کو آگے لے کر چلیں۔
انہوں نے کہا کہ میں دعا کروں گا کہ آنے والی حکومت جمہوریت کو بحال رکھنے کے لیے جدوجہد کرے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے میں ان کی توقعات پر پورا اترے۔
پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات نہیں ہوئی ہے اور ابھی ان کی طبیعت ناساز ہے۔ انہوں نے بلاول کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔