اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھاری اکثریت سے قومی اسمبلی کی نئی سپیکر منتخب ہوگئی ہیں اور پارلیمان کے تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی خاتون سپیکر منتخب ہوئیں ہیں۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے نئے سپیکر کے لیے ووٹنگ ہوئی تو پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی جماعتوں کی نامزد امیدوار فہمیدہ مرزا نے 249 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ق) کے امیدوار سردار اسرار ترین نے 70 ووٹ حاصل کیے۔
فہمیدہ مرزا کے پولنگ ایجنٹ کے فرائض گجرات سے پیپلز پارٹی کے منتخب رکن اسمبلی قمرالزمان کائرہ اور سردار اسرار کے ایجنٹ کے طور پر عبدالوسیم نے خدمات سرانجام دیں۔
پولنگ کے لیے دو بوتھ بنائے گئے جبکہ شفاف بیلٹ باکس ایک ہی رکھا گیا۔
بدھ کو اجلاس مقررہ وقت (گیارہ بجے) سے پون گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو سب سے پہلے سپیکر نے دو نومنتخب اراکین جن میں مسلم لیگ
فنکشنل کی رینا کماری اور فرزانہ مشتاق نے حلف اٹھایا۔
سپیکر کے انتخاب کے دوران نماز ظہر کا وقفہ کیا گیا اور بعد بعد میں جب دوبارہ ووٹنگ شروع ہوئی تو ایک اور نو منتخب رکن حمید اللہ جان آفریدی حلف اٹھانے پہنچ گئے۔
سپیکر نے ایوان کی دونوں جانب کی اجازت کے بعد خیبر ایجنسی سے منتخب حمیداللہ آفریدی سے حلف لیا۔حمید اللہ جان اس وقت سینیٹر بھی ہیں اور وہ سینٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
نو منتخب سپیکر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں اب ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی نے کی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم اور آصف علی زرداری میں وزیراعظم کی نامزدگی کے معاملے پر پیدا ہونے والے اختلافاف ختم ہوگئے ہیں اور توقع ہے کہ امین فہیم کو پارلیمانی رہمناء مقرر کیا جائے گا۔
تاہم پارلیمانی روایات کے برعکس قومی اسمبلی میں اکثریتی جماعت کے پارلیمانی لیڈر کو وزیر اعظم نامزد نہیں کیا جائےگا اور وزیر اعظم کسی اور رکن کو نامزد کیا جائے گا جس کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔
نو منتخب سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔ وہ مرحوم قاضی عابد کی صاحبزادی ہیں اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی اہلیہ ہیں۔ جبکہ ڈپٹی سپیکر کے لیے پیپلز پارٹی اور ان کی اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار فیصل کریم کنڈی کا تعلق صوبہ سرحد سے ہے۔