Saturday, 15 March, 2008, 15:12 GMT 20:12 PST
ارمان صابر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی سنیچر کو وکلاء کی جانب سے ’بلیک فلیگ ویک‘ یا ہفتۂ سیاہ پرچم کے سلسلے میں وکلاء نے ایک گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کی۔ جب کہ اتوار کو کراچی بار ایسوسی ایشن کی تحت شہر کے چار مختلف علاقوں سے کار ریلیاں بھی نکالی جائیں گی جو قائدِاعظم کے مزار پر ختم ہوں گی۔
کراچی بار کے صدر محمودالحسن نے بی بی سی کو بتایا کہ ہفتۂ سیاہ پرچم کے حوالے سے وکلاء کے احتجاج جاری ہے اور اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں سے کار ریلیاں نکالیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ریلیاں سی ویو کلفٹن، سہراب گوٹھ، بنارس چوک اور ملیر کورٹس سے شروع ہوں گی ۔
اسی طرح سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی نے بتایا کہ سنیچر کو وکلاء نے قائداعظم یونیورسٹی میں ایک سیمنار منعقد کیا جہاں سیاہ پرچم بھی لہرایا گیا اور اتوار کو آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ یعنی اے پی ڈی ایم کی جانب سے باچا خان چوک پر ہفتے کے مناسبت سے منعقد ہونے والے احتجاجی جلسے میں وکلاء بھی شرکت کریں گے اور سیاہ پرچم لہرایا جائے گا۔
پاکستان بھر کی وکلاء تنظیمیں تین نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پی سی او کے تحت حلف نہ لینے والے ججوں کی بحالی اور معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نو مارچ سے سولہ مارچ تک ’ ہفتۂ سیاہ پرچم‘ منا رہی ہیں۔