Sunday, 09 March, 2008, 13:28 GMT 18:28 PST
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ معزول ججوں کی بحالی کی حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے اعلان سے وکلاء مطمئن ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ججوں کی بحالی کے حوالے سے اعلان کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کی طرف سے دو ٹوک الفاظ میں ججوں کی بحالی سے متعلق الفاظ خوش آئند بات ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ جو بھی حکومت بنے کی تو وکلاء تیس روز کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی دوسرے وکلاء رہنماؤں منیر اے ملک اور فخر الدین سے بات چیت ہو سکی ہے اور وہ اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔