http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 05 March, 2008, 08:55 GMT 13:55 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی حملہ: ملزم کو سزائے موت

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے امریکی قونصلیٹ کے قریب بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک ملزم انوار الحق کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے، جبکہ ایک ملزم عثمان غنی کو ثبوت کی عدم دستیابی پر بری کردیا ہے۔ ملزم انوار الحق کا تعلق القاعدہ سے بتایا گیا ہے۔

سنہ دو ہزار چھ میں امریکی سفارت خانے کے قریب ہونے والے اس خودکش بم حملے میں ایک امریکی اہلکار ڈیوڈ فوائے سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
پولیس نے اس حملے کے الزام میں تین افراد انور الحق، عثمان غنی اور مشتاق کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے مشتاق کو بعد میں رہا کردیا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج احمد نواز شیخ کی عدالت میں یہ مقدمہ زیر سماعت تھا، اس سے قبل دو مرتبہ اس فیصلے کو ملتوی کیا گیا تھا۔
عدالت نے بدھ کو فیصلہ سناتے ہوئے انوار الحق کو چار مرتبہ سزائے موت، تین مرتبہ عمر قید اور پندرہ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

اس مقدمے میں ملزمان کے خلاف چالیس گواہوں نے اپنے بیان قلمبند کروائے تھے۔

دو مارچ دو ہزار چھ کو میریئٹ ہوٹل کے عقبی حصے میں امریکی سفارتخانے کے قریب ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی امریکی اہلکار ڈیوڈ فوائے کی گاڑی سے ٹکرا دی تھی، جس میں ڈیوڈ فوئے سمیت چار افراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ دھماکہ امریکی صدر جارج بش کے پاکستان دورے سے صرف دو روز پہلے ہوا تھا۔ دلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر بش امریکی فارن سروس کے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔