Friday, 29 February, 2008, 06:55 GMT 11:55 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع لکی مروت میں پولیس کی ایک گاڑی میں بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت تین اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لکی مروت پولیس کے ایک افسر نواب نے بی بی سی کو بتایا ’جمعہ کو دس بجے کے قریب لکی مروت ریلوے سٹیشن کی حدود میں ڈی ایس پی جاوید اقبال کی گاڑی میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی جاوید اقبال، سپاہی ہاشم خان اور ڈرائیور موقع ہی پر ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمی سپاہیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو فوجی اسپتال بنوں میں داخل کر دیاگیا ہے۔
نواب کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ کسی نے پہلے سے گاڑی میں بم نصب کر رکھا تھا لیکن یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔
پولیس کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ تھا اور دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
یاد رہے کہ لکی مروت شمالی جنوبی وزیرستان کے سنگم پر واقع ایک ضلع ہے جہاں پہلے بھی قانون نافد کرنے والے اور دیگر اداروں پر حملے ہوئے ہیں۔ اور تین ہفتے پہلے لکی مروت سے اٹامک انرجی کے تین اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا جو ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے ہیں۔