Saturday, 16 February, 2008, 12:56 GMT 17:56 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
کوئٹہ میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کی ریلی پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے پھینکے ہیں جس کے بعد مظاہرین نے پتھراؤ کیا ہے۔
اسی دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی جا رہی ہیں۔پولیس نے بڑی تعداد میں کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
اے پی ڈی ایم کی ریلی جب شہر کے مرکز میں جناح روڈ پر منان چوک پر پہنچی تو پولیس اور انسدداد دہشتگردی کی فورس نے چوک میں موجود تمام لوگوں کو گھیرے میں لے لیا اور جلسے کو روکنا چاہا۔اس پر حالات کشیدہ ہو گئے اور پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا ہے۔
اس وقت شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔اس کارروائی کے بعد جناح روڈ پر بھگدڑ مچ گئی جس میں کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس واقعہ کے بعد شہر کے اس مرکزی کاروباری علاقے میں دکانیں اور دفاتر بند ہو گئے ہیں۔
اے پی ڈی ایم کی ریلی جس میں تین سے چار ہزار افراد موجود تھے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے دفتر سے شروع ہوئی اور عدالت روڈ، کندھاری بازار، لیاقت بازار اور پرنس روڈ سے ہوتی ہوئی جناح روڈ پر منان چوک پہنچی جہاں مقررین خطاب کر رہے تھے۔ اس ریلی کے ہمراہ پولیس بڑی تعداد موجود تھی ۔
ادھر ژوب شہر میں بھی اے پی ڈی ایم کے زیر انتظام ریلی نکالی گئی ہے جسے پولیس نے روکنے کی کوشش کی لیکن قائدین نے وہاں مظاہرین سے خطاب کیا ہے اور اس کے بعد پر امن طور پر منتشر ہو گئے ہیں۔ اے پی ڈی ایم انتخابات کے انعقاد کے خلاف احتجاجی مہم شروع کیے ہوئے ہے۔