http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 11 February, 2008, 22:29 GMT 03:29 PST

ذیشان ظفر
اسلام آباد

صدر مشرف کی حمایت میں مظاہرہ

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے حق میں ایک مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف شہروں سے آئے ہوئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرہ میں شریک بعض لوگ یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ وہ کس مقصد کے لیے اسلام آباد لائے گئے ہیں۔کئی ایک مظاہرین صرف ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت پر اسلام آباد دیکھنے چلے آئے۔

انہوں نے بتایا کے ان کو مشرف کے حق میں ہونے والے مظاہرے کے بارے میں نہیں بتایا گیا تھا جبکہ ہم میں سے کوئی بھی مشرف کے حق میں نہیں بلکہ بعض کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی اور بعض کا مسلم لیگ نواز سے ہے۔ اور وہ صرف سیرو تفریح کے لیے یہاں آئے ہیں

فیصل آباد کی تحصیل سانگلہ ہل سے آنے والے ایک شخص نے بتایا کے مسلم لیگ قاف کے مقامی رہنماء نے مساجد سے اعلانات کروائے کہ اسلام آباد میں واقع درگاہ بری امام میں حاضری کے لیے ایک قافلہ جا رہا ہے اور اس میں مفت جایا جا سکتا ہے اور کھانا بھی ملے گا۔

مساجد میں اعلان
 مسلم لیگ قاف کے مقامی رہنماء نے مساجد سے اعلانات کروائے کہ اسلام آباد میں واقع درگاہ بری امام میں حاضری کے لیے ایک قافلہ جا رہا ہے اور اس میں مفت جایا جا سکتا ہے اور کھانا بھی ملے گا۔
 

’لیکن یہاں پر آ کر نہ تو کھانا ملا اور نہ ہی کوئی دربار لے کر گیا بلکہ مظاہرے میں شامل ہونے کو کہا گیا اور کھانا تک نہیں ملا۔‘

سیالکوٹ سے آنے والے محمد فہیم نے بتایا کہ صدر مشرف کے حق میں مظاہرہ کرنے آئے تھے کیونکہ انہوں نے ملک سے ایمرجسنی اٹھانے کا وعدہ کیا ہے انہوں نے کہا ان کے اسلام آباد آنے کا مقصد جنرل مشرف کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ سب ووٹ ان کی حامی جماعت پاکستان مسلم لیگ قاف کو ہی دیں گے

فیصل آباد سے آنے والے ایک نوجوان سے جب پوچھا گیا کہ وہ کس کے حق میں مظاہرہ کرنے آئے ہیں تو اس نے کہا کہ اس کو تھوڑی دیر پہلے تو یاد تھا لیکن یاد نہیں ہے۔’اب میں نے کافی سیر کی ہے اور نام بھول چکا ہوں۔ اس نے یاد کرنے کی کوشش کی لیکن اس صدر مشرف کا نام یا نہیں آ سکا۔‘