http://bbc.com.im/urdu/

نثار کھوکھر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سکھر

سومرو کی ’ق‘ نمائندوں سےملاقات

پاکستان کےنگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو نے اتوار کے روز اپنے آبائی علاقے جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ قاف کےامیدواروں سے سکھر ائرپورٹ پرایک گھنٹے طویل اجلاس کےدوران ملاقات کی ہے۔

نگراں وزیراعظم امیدواروں سے ملاقات کےلیے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے سکھر ائرپورٹ پر اتوار کی شام کو پہنچے۔اور اجلاس کے بعد وہ واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

فہد ملک کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ماموں نگراں وزیراعظم سےملاقات کےلیےنہیں بلکہ اپنے اہل خانہ کی خواتین کے استقبال کےلیے سکھر ائرپورٹ پہنچےہیں۔

پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کی سکھر ائرپورٹ پر ملاقاتوں کو انتخابات سے قبل دھاندلی کا حصہ قرار دیا ہے اور الیکشن کمیشن سے مسلم لیگ قاف کےامیدواروں کی نگراں وزیراعظم سےملاقات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نگراں وزیرعظم محمد میاں سومرو کے بھانجے فہد ملک جیکب آباد کے ایک حلقے سے مسلم لیگ قاف کے قومی اسمبلی کےلیے امیدوار ہیں جبکہ ان کی والدہ بیگم سعیدہ سومرو جیکب آباد کی ضلعی ناظمہ ہیں۔

جکھرانی بھائیوں کا الزام ہےکہ انہیں نگراں وزیراعظم محمد میاں سومرو کی ہدایات پر تنگ کیا جا رہا ہے تا کہ وہ انتخابات میں حصہ نہ لے سکیں۔

سکھر ائرپورٹ پر نگراں وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر جسٹس (ر) عبدالرزاق تھیم ،سابق صوبائی وزیر منظور پنہور، سہراب سرکی، میر نصیر کھوسو اور دیگر شامل ہیں۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں کی اکثریت انتخابات میں بھی مسلم لیگ قاف کی جیکب آبا د سے امیدوار ہے۔

نگراں وزیراعظم سےملاقات کرنے والے جسٹس (ر) عبدرزاق تھیم نے سکھر ائرپورٹ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا محمد میاں سومرو سینیٹ کے چیئرمین مسلم لیگ قاف کے پلیٹ فارم سےمنتخب ہوئے تھے، وہ غیر جانبدار نہیں مسلم لیگ سے وابستہ ہیں۔

جبکہ پیپلز پارٹی سے وفاداری تبدیل کرنے والے سابق رکن سندھ اسمبلی سہراب سرکی کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم سے ان کی ملاقات انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کےلیے نہیں عام ترقیاتی کاموں کے سلسے میں ہوئی ہے۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں سات دن رہ گئے ہیں مگر جیکب آباد اور خیرپور میں پولیس افسران کے تبادلے کیے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جانبداری کا مظاہر کر رہی ہے ’اگر وہ (الیکشن کمشن) غیر جانبدار ہیں تو نگراں وزیراعظم کی سکھر ائر پورٹ پر قاف لیگ کےامیدواروں سے ملاقات کا ازخود نوٹس لیں۔‘