Saturday, 09 February, 2008, 22:21 GMT 03:21 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بھارت کی متنازعہ لیگ انڈین کرکٹ لیگ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے درست فیصلہ قرار دیا ہے۔
اٹارنی جنرل ملک قیوم نے پہلے انہیں کھلاڑیوں پر پابندی کو خلاف آئین قرار دیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ انہوں تمام مسئلے کا گہرائی سے جائزہ لیا ہے اور آئی سی ایل کے معاہدے کی شق تین اعشاریہ چار کا جائزہ لینے کے بعد اس رائے پر پہنچے ہیں کہ آئی سی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہ دینا کسی کے ذریعہ معاش کو روکنا نہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہوں نے یہ رائے اس لیے قائم کی ہے کہ آیی سی ایل کے معاہدے کے مطابق کھلاڑی کی آئی سی ایل کے ساتھ معاہدے کو تمام دوسرے معاہدوں سے فوقیت حاصل ہے۔’میرے خیال میں کرکٹ بورڈ کو انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہ دینے کی آزادی دی جا سکتی ہے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں پر پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی جو پابندی عائد کی تھی اس کی کرکٹ
بورڈ کی گورنگ باڈی نے25 جنوری کو کراچی میں ہونے والے اجلاس میں توثیق کی تھی جس کے بعد پی سی بی کے چئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے
اٹارنی جنرل سے ملاقات کی اورانہیں اس معاملے پر رائے دینے کی درخواست کی۔