Friday, 08 February, 2008, 11:39 GMT 16:39 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے وکیل نے قومی احتساب بیورو کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے وہ درخواست واپس لے لی ہے، جس میں انہوں نے احتساب بیورو کو نیوجرسی کے ٹرسٹ سے دستاویزات منگوانے سے روکنے کی استدعا کی تھی۔
امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک ٹرسٹ سے منافع حاصل کرنے والوں کی جاری کردہ فہرست میں بینظیر بھٹو کا نام شامل ہونے کی اطلاعات پر قومی احتساب بیورو نے یہ دستاویز منگوانے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے خلاف بینظیر بھٹو نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں وزارت داخلہ اور قومی احتساب بیورو کو فریق بنایا گیا تھا۔
بینظیر بھٹو کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ احستاب بیورو کا یہ اقدام پاکستان کے آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔
جسٹس مسز قیصر اقبال اور جسٹس محمود عالم رضوی پر مشتمل بینچ میں جمعہ کو اس درخواست کی سماعت ہوئی، بینطیر بھٹو کے وکلاء نے عدالت کو بتایا ان کی موکل ایک حملے میں ہلاک ہوچکی ہیں اس لیے وہ یہ درخواست واپس لیتے ہیں۔ جس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔