http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 06 February, 2008, 13:23 GMT 18:23 PST

احمد رضا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

’چہلم کے بعد بھرپور مہم چلائیں‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف رضا ربانی نے اپنی جماعت کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ بےنظیر بھٹو کے چہلم کے بعد انتخابی مہم دوبارہ شروع کر دیں اور لوگوں تک بےنظیر بھٹو کا پیغام پہنچائیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ’مجھے امید ہے کہ پارٹی کارکن چہلم کے بعد پورے ملک کے اندر پھیل جائیں گے اور پارٹی کا پیغام اور بےنظیر بھٹو کا پیغام جو پاکستان کے غریب اور مظلوم طبقوں کے لیے تھا اسے لے کر باہر نکلیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت نے انتخابات میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کی ہے اور انتخابات کے دوران دھاندلی کو بے نقاب کرنے سے روکنے کے لیے میڈیا کو وقتاً فوقتاً وارننگ دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’بےنظیر بھٹو نے قربانی دے کر انیس فروری کے سورج کو پیپلز پارٹی کی کامیابی کا سورج بنا دیا ہے اور یہ کتنی ہی دھاندلی کر لیں انشاء اللہ پارٹی کارکنوں کی وجہ سے انیس تاریخ کو پیپلز پارٹی انتخابات میں سویپ کرے گی‘۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے بےنظیر بھٹو کے قتل کے بعد اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھا اور انتخابی مہم کے سلسلے آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی کے لیے متحرک رہے وہ قابل تحسین ہے۔

واضح رہے کہ بےنظیر بھٹو کے چہلم میں شرکت کے لیے کراچی سمیت ملک کے دوسرے حصوں سے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے نوڈیرو پہنچنا شروع کر دیا ہے۔