Wednesday, 06 February, 2008, 17:10 GMT 22:10 PST
عزیز اللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
کوئٹہ میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین نے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات تو ایک ڈھونگ ہیں اور اس میں حصہ لینے والی جماعتیں ظلم اور جبر کے نظام کو تقویت دے رہی ہیں۔
یہ جلسہ کوئٹہ کے ہاکی گراؤنڈ میں اس وقت منعقد ہوا جب شہر میں درجہ حرارت منفی نو ڈگری سنٹی گریڈ تک تھا لیکن گراؤنڈ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کیا گیا ہے اور اگر اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے یہ فیصلہ کر لیا کہ انتخابات کو روکا جائے تو اس پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا اور اس کے لیے وہ ہر کسی سے مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتیں ظلم اور جبر کے نظام کو تقویت دے رہی ہیں۔
ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ’فوجی حکمران ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں۔نواب بگٹی، بالاچ مری اور بینظیر کو ہلاک کیا گیا، وانا اور قبائلی علاقوں میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور پھر بھی حکمرانوں کو چین نہیں آ رہا‘۔
اس جلسۂ عام سے جماعت اسلامی کے سراج الحق، نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالحئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے حبیب جالب ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
اے پی ڈی ایم کے زیر انتظام بلوچستان میں ہی بڑے جلسے منعقد کیے گئے ہیں اور مبصرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے اس تحریک کا اثر بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ محسوس کیا جائے گا جہاں ووٹ ڈالنے کی شرح بھی کم ہو سکتی ہے۔