http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 February, 2008, 23:38 GMT 04:38 PST

احمدرضا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

انتخابات میں فوج، فیصلہ جلد

پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) قاضی محمد فاروق نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں فیصلہ آئندہ چند دنوں کرلیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو کراچی میں الیکشن کمیشن کے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنروں کے علاوہ الیکشن کمیشن کے ممبران نے شرکت کی۔

قاضی محمد فاروق نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اٹھارہ فروری کو پولنگ اسٹیشنوں پر سکیورٹی کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف تجاویز پر بھی غور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی فہرستیں تیار کررہی ہیں اور الیکشن کمیشن بھی اپنے ذرائع سے ان کی تصدیق کررہا ہے۔ ’مجھے امید ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی فہرستیں چند دنوں میں مکمل ہوجائیں گی اور اس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انتخابات کے موقع پر امن و امان کے لیے نیم فوجی ادارے ہی کافی ہوں گے یا فوج کو بلایا جائے‘۔

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی عمل میں ضلع ناظمین کی مداخلت کی شکایات کے بارے میں کہا کہ ’ابھی تک کسی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے کسی ناظم کے خلاف کوئی ایسی رپورٹ نہیں بھیجی جس پر ہم اس کے خلاف انضباطی کارروائی کرسکیں‘۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سرکاری ویب سائیٹ کے مطابق اسے اب تک ضلع ناظمین کی مداخلت کے بارے میں کل 111 شکایات موصول ہوئیں جس میں 52 کا تعلق پنجاب، 43 کا سندھ، 14 کا صوبہ سرحد اور دو کا بلوچستان سے تعلق ہے۔