Thursday, 24 January, 2008, 05:17 GMT 10:17 PST
پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے ساتھ لڑائی میں کم سے کم 40 شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 30 کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
فوج کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آرٹیلری اور ہیلی کاپٹروں سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کی جانے والی کارروائی کے دوران آٹھ فوجی ہلاک جبکہ دیگر 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ فوج کے مطابق یہ ہلاکتیں بدھ کی شب اور جمعرات کی صبح ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس تازہ لڑائی کے دوران شدت پسندوں نے جوابی کارروائی میں راکٹوں کا استعمال کیا ہے۔ اس طرح کی اطلاعات بھی ہیں کہ مقامی باشندے اپنے گھروں سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔
بدھ کے روز پاکستان فوج نے جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ گروپ کے مقامی طالبان کے خلاف ایف آر جنڈولہ اور چگ ملائی کے محسود علاقے سپینکئی راغزائی میں آپریشن شروع کر دیا تھا جس کے بعد مقامی طالبان اور فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مکین اور رزمک کے علاقے میں بھی جھڑپیں ہوئی ہیں۔
بدھ کو فوج کے ترجمان نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا تھا کہ جنڈولہ کے قریب سپنکئی راغزائی اور رزمک کے قریب جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین اور تیارزہ میں کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک جنگجوؤں کے تمام ٹھکانوں کا خاتمہ نہ ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محسود علاقے میں فوجیوں کی نفری میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔