Friday, 11 January, 2008, 18:15 GMT 23:15 PST
پاکستان کے ایک غیر سرکاری ماہر معیشت قیصر بنگالی کے مطابق ملک میں گندم کا بحران حکومت کی مکمل نااہلی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پچھلے آٹھ سالوں سے معیشت چند گروہوں کے ہاتھوں میں رہنے کی وجہ سے اب مسائل سامنے آ رہے ہیں۔
قیصر بنگالی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’حکومت نے پہلے فاضل پیداوار کے غلط اعداد و شمار دیئے اور پھر واضح ہوگیا کہ گندم کی پیداوار اتنی نہیں ہے جتنی بتائی گئی ہے تو پھر درآمد کرنے میں تاخیر کی گئی۔‘
ان کے مطابق وہ وقت مناسب نہیں تھا جب گندم کا پیداواری تخمینہ لگایا گیا۔ ’ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ کسی کو گندم برآمد کرنے کی اجازت دینا تھی۔‘
قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ نیب نے چینی کے بحران کی تفتیش کرنا چاہی تو اسے روک دیا گیا اور یہ سگنل دیا گیا کہ چند لوگ ریاست
میں ایسے ہیں جو کوئی بھی حرکت کر سکتے ہیں اور انہیں کوئی پکڑنے والا نہیں ہے۔
|
لنگڑی معیشت
|
اس سوال کے جواب میں کہ حکومت زرمبادلہ کے ذخائر اور سات فیصد سے زائد سالانہ ترقی کا ڈھنڈورہ پیٹتی آ رہی ہے تو قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ کئی معیشت دان پچھلے پانچ سال سے مستقل کہہ رہے ہیں کہ یہ اعداد و شمار ٹھیک نہیں ہیں اور اس حوالے سے ثبوت بھی پیش کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو صرف ایک پیر پر کھڑا کیا گیا، جس کا انحصار بینکوں کے کنزیومر کریڈٹ پر تھا۔ ’اس طرح بینکوں نے بے شمار منافع کمایا۔ جس سال معیشت میں آٹھ اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا تھا اس سال بینکوں کا اضافہ تقریباً تیس فیصد تھا۔ یہ جو قرضہ تھا گاڑیاں خریدنے کے لیے دیا جاتا تھا یعنی آٹو موبیل سیکٹر، اور اس سیکٹر کا گروتھ ریٹ پینتالیس فیصد تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ نئی حکومت آئے گی تو اسے مسائل کے پہاڑ کا سامنا کرنا ہوگا اور ان کی پیشگی ہمدردی وزیر خزانہ کے لیے ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے دفاعی اخراجات کو کم کرنا ضروری ہو چکا ہے۔