Friday, 28 December, 2007, 15:13 GMT 20:13 PST
احمد رضا، ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں ایک فیکٹری میں چھ مزدور زندہ جل کر ہلاک ہوگئے ہیں جن کی لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ دولاشیں جناح ہسپتال پہنچائی گئی ہیں۔ یہ واقعہ بھی بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے سلسلے میں ہونے والی توڑ پھوڑ کا حصہ ہے۔
اس گارمینٹ فیکٹری کو جمعہ کی صبح نامعلوم افراد نے نذر آتش کردیا تھا۔ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
شہر کے علاقے بنارس میں جمعہ کو احتجاج کرنے والے ہجوم پر رینجرز کے اہلکاروں نے براہ راست فائرنگ کی ہے تاہم اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ہجوم کو منتشر کرنے کے لپے رینجرز کے اہلکاروں نے آنسو گیس کے گولے بھی پھینکے اور ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا ہے۔
اہلکار کے مطابق لسانی بنیاد پر راہگیر مردوں کے ساتھ ساتھ عورتوں اور بچوں کو بھی مارا پیٹا جارہا تھا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی فورس کی کارروائی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے ہیں تاہم رینجرز کی ہوائی فائرنگ کے جواب میں علاقے سے
بھی فائر کئے جارہے ہیں۔