Friday, 28 December, 2007, 03:31 GMT 08:31 PST
ایشیائی بازار حصص میں جمعہ کے روز بینظیر بھٹو کے قتل کے رد عمل میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں زیادہ تر سرمایہ کاری سونے اور بانڈ میں ہوئی۔ بینظیر کے قتل کے بعد خطے میں سیاسی عدم استحکام کا خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کو آسٹریلیا میں حصص کے ماہر مارٹن آرنلڈ نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کے لیے کسی بھی علاقے کے سیاسی حالات انتہائی اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات کا اثر اشیاء کے سٹاک پر پڑے گا جن میں خاص طور پر تیل شامل ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ علاقے میں تیل کی پیداوار اور فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
جمعرات کو سب سے زیادہ انڈیا کی ٹاٹا موٹرز اور آئی سی آئی سی آئی بینک کو پڑا، دونوں کی قیمت میں چھ فیصد کمی ہوئی۔
کوریا کے ایک تجزیہ نگار کِم ہاک کیون پاکستان میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے قتل سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور خطے میں بڑھتے ہوئے سیاسی رِسک اس میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی مارکیٹ اتنی بڑی نہیں ہےاس لیے جمعرات کے واقعے کے اثرات زیادہ دیرپا نہیں ہوں گے۔