Saturday, 22 December, 2007, 17:20 GMT 22:20 PST
انتخاب امیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
سوات کی تحصیل کبل میں سکیورٹی فورسز نے سنیچر کو حکومت کو مطلوب مذہبی رہنما مولانا فضل اللہ کے ایک اہم ساتھی رحیم شاہ عرف فوجی کے مکان کو بارود کے دھماکے سے اڑا دیا جس سے آس پاس واقع چند دیگر مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔
سوات کے صحافی شرین زادہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ رحیم شاہ کے مکان کو دھماکے سے تباہ کرنے کی کارروائی کے دوران اردگرد واقع کم از کم پانچ مکانات بھی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ چند دیگر مکانات کو جُزوی نقصان پہنچا ہے۔
تحصیل کبل میں دھماکے کے مقام سے مقامی افراد نے صحافیوں کے رابطہ کرنے پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی سرگرمیوں سے پہلے متعلقہ علاقے کے افراد کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے اور جن بےگناہ افراد کے گھروں کو نقصان پہنچا ہے انہیں مالی امداد دی جائے۔
جمعہ کی صبح دھماکہ خیز مواد سے مینگورہ۔ کبل شاہراہ پر واقع ایک اہم پُل کو دھماکےا ُڑا دیا گیا تھا۔ کانجو سے لے کر تحصیل کبل تک کرفیو کے نفاذ سے کاروبارِ زندگی معطل رہا اور تمام بازار اور کاروباری مراکز بند رہے۔
کرفیو کے اوقات کے دوران فوج نے تباہ کیے جانے والے پُل کی جگہ ذرائع آمدورفت کے لیے متبادل راستہ بنایا جبکہ متاثرہ پُل کی بحالی کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔