Friday, 21 December, 2007, 10:50 GMT 15:50 PST
انتخاب امیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، پشاور
صوبہ سرحد کے شورش زدہ ضلع سوات میں جمعہ کی صبح دھماکہ خیز مواد سے مینگورہ - کبل شاہراہ پر ایک اہم پُل کو دھماکےا ُڑا دیا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔
دھماکے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سوات میڈیا انفارمیشن سینٹر کے انچارج حسن جان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ مبینہ عسکریت پسندوں نے جمعہ کی صبح ساڑھے سات بجے کانجو پُل کو دھماکے سے ناقابلِ استعمال بنادیا جس کی وجہ سے حکومت اور قانون نافذ کرنے اداروں کا کئی علاقوں سے رابطہ معطل ہوگیا ہے۔
سوات کے مقامی صحافی شرین زادہ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دھماکہ اس قدر زور دار تھا کہ نہ صرف اس کی آواز دور تک سُنی گئی بلکہ تقریباٌ پچاس میٹر لمبائی کے حامل اس پُل کے بیچ میں بارود کے دھماکے سے یہ اب ہر قسم کی آمدو رفت کے قابل نہیں رہا ۔
سرکاری ترجمان حسن جان نے کہا کہ واقعہ کے پیچھے ’عسکریت پسندوں‘ کا ہاتھ ہے جو ’علاقے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔‘
کانجو پُل کے ناقابلِ استعمال ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہوگئی ہے اور اب کبل – مینگورہ روڈ پر سفر کرنے والوں کو متبادل راستہ استعمال کرنا پڑے گا جس سے مینگورہ اور کبل کے درمیان زمینی فاصلہ تقریباٌ پچیس کلومیٹر زیادہ ہوجائے گا۔
جس جگہ دھماکہ ہوا ہے وہ حساس نوعیت کا بتایا جاتا ہے، دھماکے کی جگہ سے کچھ ہی فاصلے پر فوج کا پڑاؤ ہے اور فوجی بھی تعینات ہیں۔