http://bbc.com.im/urdu/

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان

طالبان کی طرف سے فائر بندی کا اعلان

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان نے عیدالضحیٰ کے موقع پر یک طرف فائر بندی کا اعلان کیا ہے۔

مقامی طالبان کے کمانڈر گل بہادر نے پہاڑی علاقوں میں روپوش حملہ آوروں کو حملے روکنے کا پیغام ارسال کیا ہے۔

شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان کے ترجمان احمداللہ احمدی نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کو شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان کی شوریٰ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدرات مقامی طالبان کے امیر گل بہادر نے کی۔ طالبان کے ترجمان کے مطابق گل بہادر نے حج اور عیدالضحیٰ کے موقع پر شمالی وزیرستان میں یک طرفہ فائربندی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا یک طرفہ فائر بندی سترہ دسمبر سے یکم جنوری دو ہزار آٹھ تک ہوگی۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں حکومت اور مقامی طالبان کے درمیان مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔ مقامی طالبان نے دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت نے شمالی وزیرستان سے فوجی چیک پوسٹوں کو ختم نہیں کیا تو وہ حملوں میں تیزی لائیں گے۔