http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 07 December, 2007, 12:53 GMT 17:53 PST

مست ایف ایم کی نشریات شروع

کراچی سے نشر ہونے والے مست ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کو اپنی نشریات دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے لیکن وہ بی بی سی کے نیوز بلیٹن نشر نہیں کر سکیں گے۔

بی بی سی کے بلیٹن نشر کرنے کا معاملہ ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

مست ایف ایم 103 کراچی کا واحد ریڈیو اسٹیشن تھا جس کی نشریات ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی یعنی پیمرا نے بند کردی تھیں۔

ریڈیو اسٹیشن کے چئرمین عمران باجوا کے مطابق حکومت سے اجازت مل جانے کے بعد نشریات جمعرات سے دوبارہ شروع کر دی گئیں۔

مست ایف ایم کی نشریات چونتیس روز بند رہیں۔ اس ریڈیو اسٹیشن کے خلاف پولیس اور پیمرا کی جانب سے گزشتہ تین برسوں میں چار مرتبہ کارروائی کی جاچکی ہے۔

بند کیے جانے سے قبل مست ایف ایم پر ہرگھنٹے بی بی سی کے بلیٹن نشر کیے جاتے تھے۔

گزشتہ جمعہ کو امریکہ کے قونصل جنرل اظہار یکجہتی کے طور پر مست ایف ایم کے دفتر گئے تھے۔