Friday, 07 December, 2007, 12:18 GMT 17:18 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے علاقہ ڈیرہ بگٹی میں پٹ فیڈر کے قریب سیکیورٹی فورسز سے مبینہ جھڑپ میں ایک شخص ہلاک اور کم سے کم چار کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سوئی سے پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پٹ فیڈر کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران ایک جھڑپ کے بعد چار افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
یہاں ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ اس کارروائی میں پنجاب کی جانب سے رینجرز اور بلوچستان کی طرف سے فوج اور نیم فوجی دستوں نے حصہ لیا ہے اور اس کارروائی میں ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں عام لوگ بھی شامل ہیں۔
گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے قریب سنگسیلہ موڑ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے اڑایا گیا تھا جس میں ایک اہلکار ہلاک اور چار شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سرباز بلوچ نے قبول کی تھی۔
اس کے علاوہ یہاں بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے وابستہ طلبا نے نوابزادہ بالاچ مری کے لیے قران خوانی کی ہے اورحیر بیار مری کی لندن میں گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ اس کے علاوہ مری اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ حیربیار مری کو گرفتار کر کے اس معاملے میں فریق نہ بنے ۔