http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 04 December, 2007, 13:59 GMT 18:59 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی: اڑتیس کاغذات مسترد

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اڑتیس امیدواروں کے نامزدگی فارم رد کیے گئے ہیں۔

ان امیدواروں میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق وفاقی وزیر صفوان اللہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بھائی اسرار العباد بھی شامل ہیں۔

کراچی کے صوبائی حلقے پی ایس 119 پر اسرار العباد کی تجویز اور تائید کنندگان کا تعلق اسی حلقے سے نہ ہونے کی بنا پر ان کا نامزدگی فارم رد کیا
گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقے 243 پر ان کا فارم بحال کیا گیا ہے۔

جیکب آباد کے صوبائی حلقے میں نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو کے بھتیجے فہد ملک کا فارم اسی حلقے کا رہائشی نے ہونے کی بنا پر رد کیا گیا ہے۔

ضلع تھرپارکر کی دو صوبائی نشستوں ڈپلو اور مٹھی پر سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ولی محمد راھموں اور میئن بجیئر کے فارم رد ہوئے ہیں، ان پر الزام ہے کہ دونوں کو سرکاری ملازمت سے جبری برخاست کیا گیا تھا۔ دادو میں سابق صوبائی وزیر پیر مظہر الحق کے فارم رد ہوئے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں خواتین کی انتیس مخصوص نشستوں پر ستاسی فارم منظور اور چالیس رد ہوئے ہیں، اس طرح اقلیتتوں کی نو نشستوں پر چونتیس امیدواروں کے فارم منظور اور چھبیس رد ہوئے ہیں۔

اس طرح قومی اسمبلی میں سندھ سے خواتین کی چودہ مخصوص نشستوں پر انتالیس امیدواروں کے فارم بحال اور پچیس رد کیے گئے ہیں۔

سندھ میں امیدواروں کی فارم رد اور بحال ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے لیے دو ٹربیونل قائم کیے گئے ہیں، جنہوں نے سماعت شروع کردی ہے۔