http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 04 December, 2007, 12:47 GMT 17:47 PST

شہزاد ملک، عباد الحق
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد، لاہور

حلف نہ لینے والے جج ریٹائر

وزارت قانون نے پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ہائی کورٹ کے چوبیس ججوں کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نگران وزیر قانون سید افضل حیدر نے ہائی کورٹ کے ججوں کو ریٹائرڈ کرنے کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

جن جج صاحبان کو ریٹائر کیا گیا ہے ان میں لاہور ہائی کورٹ کے دس، سندھ ہائی کورٹ کے بارہ اور پشاور ہائی کورٹ کے دو جج شامل ہیں۔

پاکستان میں ایمرجنسی: خصوصی ضمیمہ

ہائی کورٹ کے قبل از وقت ریٹائر کیے جانے والے لاہور ہائی کورٹ کے ججوں میں
جسٹس خواجہ محمد شریف نے نو دسمبر سنہ دوہزار دس ، جسٹس میاں ثاقب نثار نے اٹھارہ جنوری سنہ دو ہزار سولہ، جسٹس آصف سعید کھوسہ اکیس دسمبر سنہ دو ہزارسولہ، جسٹس سائر علی گیارہ دسمبر سنہ دو ہزارآٹھ، جسٹس اعجاز احمد چودھری چودہ دسمبر سنہ دو ہزار بارہ، جسٹس ایم اے شاہد صدیقی تیرہ اکتوبر سنہ دو ہزارآٹھ، جسٹس محمد جہانگیر ارشد سترہ دسمبر سنہ دو ہزار آٹھ، جسٹس شیخ عظمت سعید ستائیس جنوری سنہ دو ہزار سولہ، جسٹس عمر عطاء بندیال سولہ دسمبر سنہ دو ہزار بیس اور جسٹس اقبال حمید الرحمن چوبیس ستمبر سنہ دو ہزار اٹھارہ کو باسٹھ برس کے ہونے پر ریٹائر ہونا تھا۔

تین نومبر کو ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ اور پی سی او کے اجرا سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں اکتیس جج کام کررہے تھے تاہم لاہور ہائی کورٹ کے اکیس ججوں نے مرحلہ وار پی سی او کے تحت حلف اٹھایا جس کے بعد پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججوں کی تعداد دس رہ گئی ہے۔

نگران وزیر قانون نے کہا کہ ان ججوں نے اپنی مرضی سے نئے پی سی او کے تحت حلف نہیں اٹھایا اس لیے اب وہ جج نہیں رہے اور ان کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کی انتظامیہ نے پی سی او کے تحت حلف نہ اُٹھانے والے سپریم کورٹ کے ججوں کے گھر سپریم کورٹ کے نئے ججوں کو الاٹ کردئیے ہیں۔

پی سی او کے تحت حلف نہ اُٹھانے والے سردار رضا خان کا گھر سپریم کورٹ کے نئے جج موسی کے لغاری کو الاٹ کردیا گیا ہے جبکہ جسٹس میاں شاکراللہ جان کا گھر جسٹس اعجاز الحسن کو الاٹ کردیا گیا ہے۔

پی سی او کے تحت حلف نہ اُٹھانے والے ایک جج کے قریبی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ اس وقت ججز کالونی میں پانچ گھر خالی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سپریم کورٹ کی انتظامیہ نے جان بوجھ کر وہ گھر الاٹ کیے ہیں جن میں وہ جج صاحبان رہائش پذیر ہیں جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں اُٹھایا۔

ذرائع نے بتایا کہ برطرف کیے جانے والے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا گھر نئے پی سی او کے تحت حلف اٹھا کر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کو الاٹ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، جسٹس شاکراللہ جان اور جسٹس ناصرالملک کے پاس ان کے آبائی علاقوں میں بھی ان کے گھر نہیں ہیں۔

حکومت نے پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججوں کو صرف تین دن کی تنخواہ بھیجی ہے۔ تین نومبر کی رات کو صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد یہ جج اپنے عہدوں پر فائز نہیں رہے۔

ان ججوں میں شامل ایک جج کے فیملی ذرائع نے بتایا کہ اے جی پی آر کی طرف سے انہیں اس تنخواہ کے بارے میں کوئی سلپ نہیں ملی اور نہ ہی حکومت نے کوئی پنشن کے کاغذات بھیجے ہیں جس کی وجہ سے ان ججوں کی فیملی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔