Monday, 03 December, 2007, 22:20 GMT 03:20 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اہل تشیع کے ایک سرگرم کارکُن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
نامعلوم موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے ایک سینئر افسر صلاح الدین نے نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر کی رات نو بجے کے قریب اہلِ تشیع سے تعلق رکھنے والے اعجاز حُسین پیدل شہر سے اپنے گھرمدینہ کالونی جا رہے تھے کہ کالونی کی حدود میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اعجازحسین موقع ہی پر ہلاک ہوگئے اور نامعلوم موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ ایک سال سے حالات کشیدہ رہے ہیں لیکن کچہ عرصہ سے سُنی شیعہ فسادت نے ڈیرہ کے مخدوش حالات کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ اس سال مارچ میں سُنی شیعہ فسادت میں کئی لوگ مارے گئے تھے اور حکومت نے دو ہفتے تک کرفیو نافذ کیے رکھا تھا۔