Sunday, 02 December, 2007, 08:28 GMT 13:28 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر مشتبہ پاکستانی طالبان کے حملے کے بعد کی گئی جوابی کارروائی میں تین خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
مقامی پولیٹکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں شہر کے جنوبی حصہ میں واقع بانڈہ چیک پوسٹ پر مقامی طالبان نے راکٹوں اور خود کارہھتیاروں سے حملہ کیا، جس میں چیک پوسٹ کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں میرانشاہ کے مختلف علاقوں میں کئی مشکوک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے توپخانے کا بھی استعمال کیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں شہر سے پانچ کلومیٹر جنوب کی جانب انغرکلے میں دو گولے سیلادار خان اور ایک گولہ سفیراللہ نامی اشخاص کے گھروں پر گرے۔
حملوں کی دھمکی |
اس مسلح تصادم کے بعد علاقے میں ایک بار پھر سخت خوف ہراس پھیل گیا ہے اور بازاروں میں لوگوں کی آمدورفت کم ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان میں حکومت اور مقامی طالبان کے درمیان امن معاہدہ ٹوٹنے کے بعد مذاکرات کا عمل جاری تھا۔ تاہم طالبان نے اعلان کیا تھا کہ ان کے اور حکومت کے درمیان ہر قسم کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
مقامی طالبان نے دھمکی دی تھی کہ اگر شمالی وزیرستان سے فوجی چوکیوں کو ختم نہیں کیاگیا تو وہ اپنے حملوں میں مزید تیزی لائیں گے۔