Sunday, 02 December, 2007, 14:24 GMT 19:24 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی نے آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ فوجی حکمرانوں کی پالیسیوں کے تحت انتخابات ڈرامہ بازی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
کوئٹہ میں پارٹی کے بانی سربراہ عبدالصمد خان کی برسی کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نواب ایاز جوگیزئی نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء نافذ ہے اور فوجی حکمران جمہوریت اور انتخابات کی باتیں کر رہے ہیں جو کسی ڈرامے سے کم نہیں ہے۔
نواب ایاز جوگیزئی نے کہا ہے کہ ملا نے سترہویں ترمیم کے ذریعے فوجی حکمرانوں کے اقتدار کو مضبوط کیا ہے اور اب ان انتخابات میں حصہ نہ لے کر فوجی حکمرانوں کو اقتدار سے علیحدہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی ایم نے اعلان کیا ہے کہ ایسی موثر پالیس اپنائی جائے اور جدوجہد کی جائے کہ فوجی حکمرانوں کو ہمیشہ کے لیے سیاست سے باز کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر اور فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ انہیں قائل کیا جائے کہ اس گناہ میں حصہ لینا بری بات ہے اور اگر بینظیر بھٹو اور مولانا فضل الرحمان قائل ہو جاتے ہیں تو جنرل پرویز مشرف بیس دن سے زیادہ اقتدار پر قابض نہیں رہ سکیں گے۔
بینظیراورفضل الرحمان قائل ہوں تو |
اس جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بھی موجود تھے۔ اے این پی کے صوبائی صدر کمانڈر خدائےداد نے انتخابات کو ایک ڈرامہ قرار دیا ہے لیکن ان کی جماعت نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔