http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 30 November, 2007, 23:29 GMT 04:29 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

بالاچ مری کے لیے قرآن خوانی

نوابزادہ بالاچ مری کو دو روز پہلے مبینہ طور پر امانتاّ دفن کر دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ آج بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بالاچ مری کے لیے قران خوانی کی گئی ہے۔

’براہمداغ اپنی ہی آنکھ نہیں نکال سکتا‘
وہ مرا نہیں ہے
سندھ بلوچستان میں احتجاج

بالاچ مری کے بھائی گزین مری نے بتایا ہے کہ بالاچ مری کی دو روز پہلے امانتّا تدفین کر دی گئی ہے لیکن کس مقام پر کی گئی ہے اس کا علم انہیں خود بھی نہیں ہے۔

گزین مری کے مطابق بالاچ مری کے قریبی ساتھیوں نے انھیں یہ نہیں بتایا کہ انہیں امانتاّ کہاں دفن کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بلوچستان کے حالات بہتر ہوں گے تو بالاچ مری کا جسد خاکی اپنے آبائی قبرستان لایا جائے گا۔

یاد رہے اس مہینے کی اکیس تاریخ کو بالاچ مری کی ہلاکت کی خبر موصول ہوئی تھی لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کس مقام پر اور کس طرح ہلاک کیا گیا۔ اس بارے میں مختلف اطلاعات ہیں جیسے بالاچ مری کو نوشکی کے قریب سیکیورٹی فوسرز کے ساتھ جھڑپ میں اور یا افغانستان میں اتحادی افواج کے حملے میں ہلاک کیا گیا ہے لیکن کسی اطلاع کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ادھر مری اتحاد کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آج کوئٹہ کے قریب نیو کاہان کے علاوہ بلوچستان کے دیگر مقامات پر بالاچ مری کے لیے قران خوانی کی گئی اور لنگر تقسیم کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ کوہلو میں کچھ لوگ بالاچ مری کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنا چاہتے تھے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے کچھ افراد کو گرفتار کر لیا اور غائبانہ نماز جنازہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔

ادھر تربت میں آج نامعلوم افراد نے ایک تاجر کی دکان میں کام کرنے والے مزدوروں کو زدوکوب کیا اور جاتے جاتے دستی بم پھینک گئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ گزشتہ روز تربت کے قریب تمپ میں اور حب شہر میں مسلم لیگ (ق) کے دفتر کے قریب دھماکے ہوئے تھے لیکن کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔