Friday, 30 November, 2007, 00:25 GMT 05:25 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے آٹھ جنوری کے مجوزہ عام انتخابات کے لیے تیرہ ہزار چار سو نوے کاغذات نامزدگی وصول ہوئے ہیں جن کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
کمیشن کے سیکریٹری کنور دلشاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں قومی اسمبلی کی دو سو بہتر عام نشستیں اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو ستتر نشستیں ہیں۔
لیکن ان کے مطابق قومی اسمبلی کی سات اور صوبائی اسمبلیوں کی گیارہ نشستوں میں حالات کی خرابی کی وجہ سے نامزدگی فارم بعد میں وصول ہوں گے۔ کمیشن کے مطابق جانچ پڑتال کا عمل تین دسمبر تک جاری رہے گا۔
صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی عام نشستوں کی تعداد ایک سو اڑتالیس ہے جس کے لیے اور دو ہزار انیس کاغذات نامزدگی داخل ہوئے ہیں۔ جوکہ تقریباً تیرہ درخواستیں فی حلقہ بنتی ہیں۔
جبکہ پنجاب کی دو سو ستانوے صوبائی اسمبلی کی عام نشستوں کے لیے چار ہزار پانچ سو سترہ کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے لیے جمع درخواستوں کی تعداد فی حلقہ پندرہ ہے۔
صوبہ سرحد کی قومی اسمبلی کی پینتیس نشستوں کے لیے پانچ سو اکسٹھ کاغذات نامزدگی داخل ہوئے اور یو فی حلقہ ان کی تعداد سولہ بنتی ہے۔ جبکہ سرحد کی ننانوے عام نشستوں کے لیے پندرہ سو چھپن درخواستیں جمع ہوئی ہیں جنکی فی حلقہ تعداد تقریباً پندرہ بنتی ہے۔
بلوچستان میں قومی اسمبلی کی چودہ عام نشستوں کے لیے دو سو ترانوے کاغذات نامزدگی داخل ہوئے اور فی حلقہ ان کی تعداد تقریبا اکیس بنتی ہے۔ جبکہ بلوچستان کی اکیاون عام نشستوں کے لیے ایک ہزار چھ درخواستیں داخل ہوئیں اور صوبائی نشستوں کے لیے فی حلقہ کی تعداد انیس بنتی ہے۔
وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں یعنی فاٹا کی بارہ نشستیں ہیں ( دو سیٹوں پر انتخاب نہیں ہو رہا) وہاں ایک سو اکانوے درخواستیں داخل ہوئی ہیں اور فی حلقہ ان کی تعداد تقریباً سولہ بنتی ہے۔
اسلام آباد کی دو قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے چونسٹھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور فی حلقہ ان کی تعداد پاکستان میں سب سے زیادہ یعنی بتیس بنتی ہے۔