Sunday, 25 November, 2007, 21:27 GMT 02:27 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کو لاہور سے قومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے ریٹرنگ افسر کےسامنے پیش ہونگے۔
نواز شریف نے اپنی آمد کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ پیر کو کاغذات نامزدگی جمع کرا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ یا اس میں حصہ لینے کا فیصلہ اے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا اور وہ اسی فیصلے کو مانیں گے۔
جب ان کا جلوس لاہور کے صدر کینٹ کے علاقے میں پہنچا تو انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں بتایا کہ اےپی ڈی ایم کا اجلاس انتیس نومبر کو ہوگا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
پیر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور الیکشن کمشن کے ذرائع کاکہنا ہے کہ رات بارہ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے۔
میاں نواز شریف کے علاوہ ان کے بھائی شہباز شریف اور اہلیہ کلثوم نواز بھی قومی اسمبلی کی نشستوں کے امیدوار ہیں اور توقع ہے کہ وہ بھی پیر کو ان کےہمراہ کاغذات جمع کرائیں گے۔
نواز شریف کے پروگرام کے مطابق وہ داتا دربار پرحاضری کے بعد رائے ونڈ فارم جائیں گے جہاں سب سے پہلے اپنے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کریں گے۔نوازشریف جلاوطنی کی وجہ سے اپنے والد کی تدفین میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔
رائے ونڈ میں ہی وہ اپنے رفقاء سے مشاورت کریں گے اور انتخابات یا بائیکاٹ کے بارے میں حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔نواز شریف اپنی پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
نواز شریف کی واپسی کے پاکستان اور خاص طور پر پنجاب کی سیاست پر گہرے اثرات ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور مسلم لیگ قاف کی پوزیشن کو دھچکا لگتا دکھائی دے رہا ہے۔