Saturday, 24 November, 2007, 18:41 GMT 23:41 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، کوئٹہ
کوئٹہ میں ناملعوم افراد نے پولیس اور بلوچستان کانسٹبلری کی گشتی گاڑی پر فائرنگ کی ہے جس سے ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
کوئٹہ کے پولیس افسر رحمت اللہ نیازی نے بتایا ہے پولیس اور بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکار ایک گاڑی میں گشت کر رہے تھے کہ ہزار گنجی کے علاقے میں گھات لگائے بیٹھے نا معلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے بلوچستان کانسٹبلری کا ایک اہلکار ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اس علاقے میں ملزمان اور پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے لیکن مذید کسی نقصان یا گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا اپنے آپ کو کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے ببرگ بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر اس حملے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز کوئٹہ شہر میں معروف علاقوں جناح روڈ اور جان محمد روڈ پر دو مختلف حملوں میں تین پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔
ان حملوں کی ذمہ داری بھی کالعدم تنظیم کے ترجمان نے اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی تھی۔
یاد رہے کہ آج نگراں وزیراعظم کو کوئٹہ کے دورے کے دوران امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ حالات تسلی بخش ہیں۔