http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 22 November, 2007, 07:17 GMT 12:17 PST

پاکستان کی معطلی کا خدشہ

دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس آج یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ہو رہا ہے جس میں پاکستان میں ایمرجنسی کے نفاذ کے نتیجے میں اس کی رکنیت معطل کیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔

ادھر برطانوی وزیراعظم نے پاکستان کے فوجی حکمران جنرل مشرف سے ایک بار پھر ایمرجنسی ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کا کہنا ہےکہ انہوں نے جنرل مشرف کو ایمرجنسی نافذ کرنے سے پہلے بھی اس اقدام سے باز رہنے کی تلقین کی تھی اور گزشتہ رات بھی ٹیلی فون پر ان سے ایمرجنسی جلد سے جلد ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کے بقول جنرل مشرف نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ہنگامی حالت کے جلد خاتمے کی پوری کوشش کریں گے۔

گورڈن براؤن نے یہ بات دولت مشترکہ ممالک کے سربراہان حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے کمپالا جانے سے قبل لندن میں کہی۔

ادھر تریپن ممالک کی تنظیم کامن ویلتھ کے وزرائے خارجہ آج یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں مل رہے ہیں جہاں توقع ہے کہ پاکستان کی رکنیت معطل کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کر لیا جائے گا۔

تنظیم نے بارہ نومبر کو لندن میں منعقدہ غیر معممولی اجلاس میں پاکستان کو بائیس نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ملک کے فوجی صدر بائیس نومبر تک فوجی وردی اتار دیں، ایمرجنسی ختم کرکے آئین بحال کریں اور عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنائیں اور میڈیا پر سے پابندیاں ختم کی جائیں۔
جمہوریت کی راہ پر واپس لانے کے لیے برطانیہ ہر ممکن تعاون کرے گا: گورڈن براؤن

گزشتہ روز پاکستان کے نگراں وزیراعظم محمدمیاں سومرو نے کہا تھا کہ دولت مشترکہ سے ان کے ملک کی معطلی کا فیصلہ پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے تنظیم سے مطالبہ کیا تھا کہ فی الحال وہ کوئی بھی ایسا فیصلہ مؤخر کردیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے پریس ایسوسی ایشن نیوز کے مطابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن کا کہنا تھا کہ وہ جنرل مشرف کے ان اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں جو انہوں نے ملک کو جمہوریت کی راہ پر واپس لانے کے لیے کیے ہیں، مثلاً انتخابات کی تاریخ کا اعلان وغیرہ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جمہوریت کی راہ پر واپس لانے کے لیے برطانیہ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

دولتِ مشترکہ کا کہنا ہے کہ جنوری میں عام انتخابات کا انعقاد خوش آئید ہے مگر ایمرجنسی نہ اٹھائے جانے، عدلیہ اور لوگوں کے آئینی حقوق کی عدم بحالی کی صورت میں ان انتخابات کی ساکھ متاثر ہوگی۔

ایمرجنسی کے خاتمے، عدلیہ، میڈیا اور سیاسی سرگرمیوں کی آزادی کے لیے مشرف حکومت پر اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کا سخت دباؤ ہے۔اگر دولت مشترکہ کی جانب سے پاکستان کی رکنیت معطل کر جاتی ہے تو اس سے نہ صرف جنرل مشرف کی حکومت کی سبکی ہوگی بلکہ ہوسکتا ہے کہ پاکستان کچھ مراعات سے بھی محروم ہوجائے۔