http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 November, 2007, 05:44 GMT 10:44 PST

عباس نقوی
کراچی

چینل کی بندش کے خلاف مظاہرہ

نجی ٹی وی چینل کی بین القوامی بندش کے خلاف چینل ملازمین نے کراچی میں احتجاجی جلوس نکالا اور گورنر ہاؤس پر احتجاج کرنے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے روک دیا۔

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب جیو ٹیلی ویژن کے ملازمین ایک بڑی تعداد میں آئی چندری گر روڈ پر نکل آئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے گورنر ہاؤس کی جانب مارچ شروع کردیا۔

اس ہی دوران پولیس کی بھاری نفری نے گورنر ہاؤس کو جانے والے راستے کو مسلم جیم خانہ کے قریب پولیس موبائلیں کھڑی کر کے روکنے کی کوشش کی تاہم متعلقہ چینل کے صحافیوں کا احتجاجی جلوس رکاوٹ عبور کرکے آگے بڑھتا گیا جس کے کچھ آگے پولیس نے مزید نفری کی مدد سے گونر ہاؤس کے قریب سڑک کو بلاک کر دیا۔

اس مقام پر پولیس نے صحافیوں کو گورنر ہاؤس جانے سے روکنے کے لئے کھڑی کی گئی پولیس مبائلوں کے آگے اور پیچھے ڈنڈہ بردار اہلکاروں کو قطار میں کھڑا کردیا۔

اس موقع پر پولیس اور صحافیوں کے درمیاں ہاتھاپائی بھی ہوئی، تاہم جیو ٹیلی ویژن کے بعض احتجاجی کارکنوں کی مداخلت پر صحافی واپسی اختیار کی۔

اس مقام پر چینل کے بعض کارکنوں نے احتجاج اتوار تک موخر کرنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے، چینلز کی بندش کے بارے میں حکومت پر تنقید کی۔