http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 16 November, 2007, 16:43 GMT 21:43 PST

ذیشان ظفر
اسلام آباد

پھولوں کے ساتھ احتجاج

اسلام آباد میں سو سے زائد مقامی طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے جمعہ کی شام جسٹس افتخار محمد چودھری سے اظہارِ یکجہتی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے پر امن مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر پولیس کی ایک بڑی تعداد جلوس کے ساتھ ساتھ چل رہی تھی۔

مظاہرے میں شامل لوگوں نے چیف جسٹس کو پیش کرنے لے لیے پھولوں کے گلدستے پکڑ رکھے تھے اور ’دل دل پاکستان‘ گاتے ہوئے چیف جسٹس کے گھر کی طرف مارچ کر رہے تھے۔

لیکن پولیس نے تھوڑی دیر کے بعد ہی مظاہرین کو آگے جانے سے منع کر دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے چیف جسٹس اور پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججوں کے حق میں نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے پھول اس شرط پر پولیس کے حوالے کر دیے کہ وہ ان کی طرف سے چیف جسٹس کے گھر پہنچا دیں گے۔ مظاہرے میں شامل سابق بیوروکریٹ روائیداد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’پاکستان میں پہلی مرتبہ لوگ ایمر جنسی کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں۔ اس لیے اب فتح عوام کی ہو گی اور آخرکار جنرل مشرف کو جانا پڑے گا۔‘

مظاہرے میں شامل ایک طالب علم نے بتایا کہ مظاہرے کا مقصد پاکستان کو صحیح راستے پر ڈالنا ہے اور ایسا کافی عرصے کے بعد ہو رہا ہے کہ طلبہء اس مقصد کے لیے اکھٹے ہو کر مظاہروں میں شامل ہو رہے ہیں۔