Sunday, 11 November, 2007, 09:07 GMT 14:07 PST
نثار کھوکھر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام سکھر
پیپیلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو کی اسلام آباد میں نظربندی کے خلاف اندرون سندھ کے اکثر شہروں میں اتوار کے روز ہڑتال کی گئی ہے، احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ادھر کراچی ،حیدرآباد اور سکھر میں یوم سیاہ منایا گیا ہے۔
دوسری جانب تحصیل سیہون کے شہر بھان سید آباد میں پولیس اور پی پی پی کارکنان کے درمیاں جھڑپیں ہوئی ہیں۔پی پی پی کارکنان کے مطابق پولیس فائرنگ سے ان کے چار کارکن زخمی ہوگئے ہیں۔
بھان سیدآباد تھانہ کے ہیڈ محرر غلام شبر نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے جلوس اور دو پولیس اہلکاروں کے درمیاں ایک ہوٹل کو بند کروانےکے معاملے پر کشیدگی ہوگئی۔پولیس اہلکاروں نے اپنے تحفظ میں فائرنگ کی اور مظاہرین نے پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل کو آگ لگادی ۔
حیر پور سے رکن اسمبلی سندھ نواب وسان کو جلوس نکالنے کی کوشش کرنے پر ان کے بیس کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
مقامی نامہ نگاروں کے مطابق پولیس فائرنگ سے زخمی ہونے والے کامریڈ حمزو بھنڈ شدید زخمی ہیں انہیں سول ہسپتال دادو منتقل کیا گیا ہے ۔جبکہ محمد خشک اورشوکت علی سمیت تین زخمی کارکنوں کو مقامی ہسپتال پہنچایا گیا ہے ۔
بھان سید آباد میں پولیس فائرنگ کے بعد سینکڑوں مشتعل پی پی پی کارکنان نے انڈس ہائی وی پر دھرنا دیا اور روڈ بلاک کردیا۔
سیہون پولیس کے ڈی ایس پی شبیر شاہانی نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ مظاہرین سے بات چیت کر رہے ہیں اور پولیس اہلکاروں کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔
خیرپور میں قائم علی شاہ کی رہائش گاہ جیلانی ہاؤس سے پی پی کی جانب سے ایک جلوس نکالاگیا جس کی سربراہی مقامی رہنماء امجد علی شاہ نے کی۔
دریں اثناء کراچی،حیدرآباد اور سکھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔پی پی پی کے کارکنوں نے اپنے پارٹی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے اور بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔کراچی اور حیدرآباد میں پارٹی کے رہنماؤں کے مطابق اتوار کی شام کواحتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔
دوسری جانب پپلز پارٹی سندھ کے رہنما نثار احمد کھوڑو نے بی بی سی کوبتایا ہے کہ سندھ کے کارکنان نے پنجاب کے پی پی پی کےکارکنان سے یکجہتی کی خاطر یوم احتجاج منایا ہے ۔
پی پی پی کے رہنماء نثار احمد کھوڑو نے بھان سید آباد میں اپنی جماعت کے کارکنوں پر پولیس فائرنگ کی مذمت کی اور کہا کہ سندھ پولیس ہوش کےناخن لے ،سیاسی مظاہروں کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کا استعمال ہوتا ہے سیدھی فائرنگ نہیں کی جاتی۔
انہوں نے بھان سیدآباد واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔