http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 11 November, 2007, 08:23 GMT 13:23 PST

بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پاکستان

بے نظیر بھٹو لاہور کے لیے روانہ، صحافیوں کا احتجاج جاری

بے نظیر لاہور کے لیے زرداری ہاؤس سے روانہ ہو گئی ہیں جہاں مختلف مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور زبردست حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے قبل انہوں نے مختلف اخبارات کے مدیروں اور کچھ سفارتکاروں سے ملاقات کی۔

بےنظیر کی مہم، وکلاء سڑکوں پر
ڈپٹی اٹارنی جنرل مستعفی ہوگئے
خلیل رمدے، فقیر کھوکھر کی ملاقات
پی پی پی کی ریلی کوشش اور گرفتاریاں
پاکستان میں ایمرجنسی:خصوصی ضمیمہ

بے نظیر بھٹو کی لاہور آمد کے موقع پر پولیس کی بڑی تعداد نے ہوائی اڈے اور ارد گرد کے علاقوں کو گھیرے میں لے رکھا ہےاور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو ہوائی اڈے جانے سے روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ وہ نو سال بعد لاہور آ رہی ہیں۔

شہر کے علامہ اقبال ہوائی اڈے کی طرف جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں اور صرف مال روڈ سے ہوائی اڈے تک جانے والے روڈ پر درجن سے زائد ناکے لگائے گئے ہیں جہاں سے صرف ہوائی جہاز کا ٹکٹ رکھنے والوں کو ہی آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ ان کے ساتھ جانے والے باقی افراد کو واپس کردیا جاتا ہے۔

بے نظیر نے تیرہ نومبر کو لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن پولیس نے چار پانچ دن میں پی پی پی کے پانچ ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مطابق اس وقت ان کے پانچ ہزار سے زائد کارکن زیر حراست ہیں جبکہ مزید چھاپے جاری ہیں۔

ایک پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ بے نظیر کی حفاظت کے لئے حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ہوائی اڈے سے بلاول ہاؤس ماڈل ٹاؤن تک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کا دستہ مسلسل ان کی حفاظت کے لئے ساتھ رہے گا اور ان کے گھر کے باہر بھی پہرہ دے گا۔

دوسری طرف پاکستان میں ایمرجنسی کے نفاذ اور میڈیا بلیک آؤٹ پر وکلاء کی جانب سے عدالتی بائیکاٹ اور صحافیوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر امریکی صدر جارج بش نے کہا ہے کہ انہیں صدر پرویز مشرف پر اعتماد نہ کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ امریکی صدر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ صدر مشرف اور بینظیر بھٹو دونوں القاعدہ کے خطرے کی سنگینی سے بخوبی آگاہ ہیں۔

صحافیوں کا احتجاج
نامہ نگار ذوالفقار علی کے مطابق پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی اپیل پر اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں میڈیا پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بینظیر بھٹو بھی پہنچ گئیں اور انہوں نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔