Friday, 09 November, 2007, 15:02 GMT 20:02 PST
شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
برطرف کیے جانے والے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ انہیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت انہیں زبردستی کوئٹہ بھیج رہی ہے اور انہیں قید تنہائی میں رکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے جمعہ کو بی بی سی اردو سروس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اُن کی اطلاعات کے مطابق حکومت انہیں بچوں سے علیحدہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دو چھوٹے بچے بیمار ہیں اور وہ سکول جاتے ہیں۔ افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ شاید حکومت کے علم میں نہیں ہے کہ کوئٹہ نہ صرف میرا آبائی شہر ہے بلکہ یہ میرے خون میں شامل ہے۔
حلف کی پاسداری |
انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں چاہے جہاں بھی لے جائے ان کی موجودگی ہی حکومت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ’میں وہ چیف جسٹس ہوں جس نے ملک کے سولہ کروڑ عوام کو انصاف فراہم کیا اور حکومت مجھ سے خائف ہے‘۔
انہوں نے کہا صدر جنرل پرویز مشرف نے اپنی تقریر میں بھی اس بات کا ذکر کیا تھا کہ ایک سو سے زائد سوموٹو کیسوں کے علاوہ ہزاروں درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کا عدالت پر اعتماد پیدا ہوگیا ہے اور لوگ انصاف کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور چیف جسٹس جو بھی کچھ کیا وہ عوام کے لیے کیا اس لیے وہ (جنرل مشرف) مجھے ہٹانا چاہتے ہیں۔
ایک اور سوال پر کہ جو وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے ان کے مقدمات ختم کیے جا رہے ہیں اور گرفتار ہونے والے وکلاء کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ یہ مقدمات بحال ہوجائیں گے اور ماتحت عدالتوں کو ان حالات میں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ماتحت عدالتوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ وکلاء ملک کے آئین اور ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے مقدمے عدالتوں میں ہیں انہیں عدالتوں میں خود پیش ہونا چاہیے اور عدالت کو بتانا چاہیے کہ جب تک اُن کے وکیل نہیں آئیں گے ان کے مقدمات پر کارروائی نہ کی جائے تاکہ ان کے مقدمات ختم نہ ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال عارضی ہے اور یہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی اور جنرل صاحب کو بہت جلد اس کے بارے میں معلوم
ہوجائےگا۔
افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ عوام حکومت کی مقبولیت کے سلسلے میں سٹاک ایکسچینج کی حثییت رکھتے ہیں اور یہ سٹاک ایکسچینج روزانہ کریش ہو رہی ہے اور حکومت کو ابھی تک اس بات کی سمجھ نہیں آئی ہے کہ ان کی اتھارٹی کو کسی نے مانا ہی نہیں ہے اور نہ کوئی ماننے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں آئین کی حکمرانی ہوگی۔
برطرف کیے جانے والے چیف جسٹس نے کہا کہ ان حالات میں انتظامیہ کو حکومتی احکامات کی بجائے صرف انہی احکامات پر عمل کرنا چاہیے جو قانون کے مطابق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کو اپنے حلف کی پاسداری کرنی چاہیے جو وہ فوج میں کمیشن لینے سے پہلے اُٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ہر بچے، بوڑھے، مرد اور عورت کو قانون کی حکمرانی کے لیے باہر نکلنا ہوگا اور اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کی خاطر اس ملک کو قربان نہیں ہونے دینا۔