لندن ڈیسک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
صدر جنرل پرویز مشرف نےاعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات پندرہ فروری سے قبل ہوں گے اور وہ وعدے کے مطابق صدرات کا حلف اٹھانے سے قبل وردی اتار دیں گے۔
صدر مشرف نے یہ اعلان اسلام آباد میں جمعرات کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے دوران کیا جس میں کونسل کے چند مستقل اراکین کے علاوہ وائس چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو خصوصی طور پر بلایا گیا تھا۔
بدھ کو امریکی صدر جارج بش نے پہلی مرتبہ یہ واضح کیا تھا کہ انہوں نے پاکستانی صدر سے ٹیلیفون پر بات کی ہے اور انہیں کہا ہے کہ وہ اپنی وردی اتاریں اور پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔
اس سے قبل مختلف حکومتی اکابرین الیکشن کے انعقاد سے متعلق مختلف اور بعض دفعہ متضاد بیانات دیتے رہے ہیں۔ تاہم جمعرات کو صدر کے انتخابات سے متعلق اعلان سے قبل ہی مقامی میڈیا نے چودہری شجاعت حسین کے حوالے سے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ انتخابات وسط فروری تک ہوں گے۔