http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 07 November, 2007, 11:03 GMT 16:03 PST

ساجد اقبال اور شہزاد ملک
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

چیف الیکشن کمشنر بھی سرگرم

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی محمد فاروق بھی اعلیٰ عدلیہ سے متعلق حکومت کی پریشانیاں کم کرنے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں اور سپریم کورٹ کے پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے ججوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے جج جسٹس ناصرالملک اور جسٹس شاکر اللہ جان سے ملاقات کی ہے جبکہ وہ خود جسٹس سردار رضا خان کے ساتھ ججز کالونی کے ایک ہی بلاک میں رہائش پذیر ہیں۔

پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے سپریم کورٹ کے ایک جج کے قریبی ذرائع کے مطابق جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی محمد فاروق کی ججوں سے یہ ملاقاتیں پیر کے روز ہوئیں۔

اس سے پہلے اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ ملک محمد قیوم نے پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے چند ججوں سے ملاقات کی تھی اور یہ کہا جا رہا تھا کہ یہ ملاقاتیں ان ججوں کو منانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے نئے رول سے ان کی حیثیت مزید متنازعہ ہو جائے گی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے غیرجانبدارانہ الیکشن کمشن کی تشکیل کا مطالبہ زیادہ شدت اختیار کر لے گا۔

الیکشن کمشن آف پاکستان کے ترجمان کنور محمد دلشاد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ججوں کو منانے سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کی کوششوں کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ چیف الیکشن کمشنر ججز کالونی میں ہی رہائش پذیر ہیں لیکن انہوں نے حلف نہ اٹھانے والے سپریم کورٹ کے کسی جج سے ملاقات نہیں کی۔