Wednesday, 07 November, 2007, 18:26 GMT 23:26 PST
ارمان صابر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی پولیس نے بدھ کو صدر الیکٹرانک مارکیٹ میں ڈش انٹینا اور ڈی کوڈر فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مار کر تمام سامان ضبط کرلیا۔ دکانداروں پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے چینلز پر لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے تھے۔
واضح رہے کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد نجی ٹی وی چینلز کی کیبل کے ذریعے نشریات بند کردی گئیں جس کی وجہ سے ڈش انٹینا کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔
پولیس کارروائی کے باوجود متاثرہ دکانداروں یا کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا۔ دکاندار اور ایسوسی ایشن کے عہدیدار اس کارروائی پر بالکل خاموش اور خوفزدہ ہیں۔
(دکاندار حضرات خوف کی وجہ سے اپنا نام ظاہر کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں) ایک دکاندار نے بتایا کہ پولیس کارروائی کے بعد جن دکانوں پر چھاپے مارے گئے تھے انہوں نے اپنی دکانوں کو بعدازاں بند کردیا کیونکہ ان کے پاس فروخت کرنے کے لیے کچھ نہیں بچا تھا۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ کراچی میں کیبل نیٹ ورک متعارف ہونے کے بعد ڈش انٹینا کی فروخت میں بہت کمی آئی تھی اور کئی دکانداروں نے اس کاروبار کو ترک کردیا تھا۔ اب صدر الیکٹرانک مارکیٹ میں بمشکل درجن سے بھی کم دکانیں رہ گئیں ہیں جو ڈش انٹینا اور ڈی کوڈرز فروخت کرنے کا کاروبار کررہی ہیں۔
پولیس کارروائی کے بارے میں ایس پی صدر ٹاؤن کیپٹن ریٹائرڈ طاہر نوید نے بتایا کہ یہ کارروائی کسٹم ایکٹ کے تحت کی گئی کیونکہ کچھ درآمد شدہ سامان ایسا ہوتا ہے جو بغیر لائسنس کے فروخت نہیں کیا جا سکتا اور اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے لگائی گئی نشریات پر پابندی کو وہ آلات جو پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے اہل ہوں قابل گرفت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ مختلف وفاقی ایجنسیوں کے اہلکار بھی کارروائی میں شامل تھے جنہوں نے کسٹم ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ایسے تمام آلات کو ضبط کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تفتیش میں اس بات کا علم ہوگا کہ ان دکانداروں کے پاس لائسنس تھا یا نہیں اور جن کے پاس لائسنس ہوا تو ان کے ضبط کیے گئے آلات واپس کردیے جائیں گے اور جو غیر قانونی طور پر ان آلات کی فروخت میں ملوث پائے گئے تو ایسے دکانداروں کی گرفتاری بھی عمل میں آسکتی ہے۔