Monday, 05 November, 2007, 18:41 GMT 23:41 PST
امریکی وزارت خارجہ نے پاکستان میں ایمرجسنی کے نفاذ پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر جلد حالات معمول پر نہیں آئے تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے کہا تھا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کو وردی اتار دینی چاہئیے اور ملک میں آئین کے تحت انتخابات منعقد ہونے چاہئیں۔
امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے پاکستان کو جاری امداد میں کٹوتی کے امکان کی وارننگ بھی دی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پاکستانی قیادت کے لئے یہ ایک اہم موڑ ہے۔ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کس طرح عمل میں آتی ہے۔
نیدرلینڈز نے پہلے ہی پاکستان کو امدادی رقوم بند کر دی ہیں۔ آسٹریلیا، جرمنی، فرانس اور افغانستان نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔