http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 01 November, 2007, 04:00 GMT 09:00 PST

علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

سرگودھا: فضائیہ کی بس پر خود کش حملہ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک مبینہ خود کش حملے میں کوسٹر میں سوار پاکستانی فضائیہ کے نو اہلکار ہلاک اور چالیس افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو پی اے ایف ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے جہاں چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

فضائیہ کی بس پر خودکش حملہ

دھماکہ جمعرات کی صبح سرگودھا فیصل آباد روڈ پر پاکستان ائر فورس بیس سے تقریباً دو کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب ائرفورس کے اہلکار کرانہ پہاڑی پر واقع ریڈار پر ڈیوٹی کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔

پولیس کےمطابق بس کا رخ ائر فورس بیس کی جانب تھا جب مخالف سمت سے آنے والی ایک موٹر سائیکل بس سے ٹکرا کر ایک دھماکے سے اڑ گئی۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل وحید ارشد کا کہنا ہے فضائیہ کے اہلکاروں پر حملہ ’دہشتگردی‘ ہے۔انہوں نے کہا: ’یہ ایک خود کش حملہ تھا جس کا نشانہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو لے کر جانے والی بس تھی۔ سرگودھا میں پاکستان کا سب سے بڑا فضائی اڈہ ہے۔‘

ہلاک ہونے والوں میں خود کش حملہ آور بھی شامل ہے دیگر تمام کا تعلق بظاہر پاکستان ائرفورس سے ہے۔ زخمی ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق پاکستان ائر فورس سے ہی ہے۔

اس دھماکے کے وقت ایک سکول وین بھی قریب سے گزر رہی تھی جس سے چھ بچے زخمی ہوئے تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر تین ہپستال میں داخل ہیں۔

سرگودھا میں اسی سال اگست کے اوائل میں پولیس ٹریننگ سینٹر میں ایک خود کش حملہ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا جس کے دوران خود کش حملہ آور اورایک پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔