Sunday, 28 October, 2007, 08:02 GMT 13:02 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے علاقہ نصیر آباد میں نامعلو م افراد نے اوچ پاور پلانٹ کو جانے والی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اوچ گیس فیلڈ سے اوچ پاور پلانٹ کو جانے والی چوبیس انچ قطر کی پائپ لائن کو جمن شاہ قبرستان کے پاس دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے جس سے پاور پلانٹ کو گیس کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔
نصیر آباد سے مقامی صحافی ہاشم بلوچ نے بتایا ہے کہ اس پائپ لائن سے پاور پلانٹ کو امونیم گیس فراہم کی جاتی ہے اور گیس کی معطلی سے کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن تاحال کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ادھر نوشکی کے بعد اب خاران اور قلات کے درمیان پہاڑی علاقوں میں مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے جس میں ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ڈیرہ بگٹی میں لوٹی کے قریب ایک بم کو ناکارہ بنا دیا تھا جبکہ کوہلو میں نامعلوم افراد نے فرنٹیئر کور کی چوکی پر پانچ راکٹ داغے جس سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔