Wednesday, 24 October, 2007, 11:27 GMT 16:27 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب سکیورٹی فورسز کے قافلے میں شامل ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمیوں کو میرانشاہ سکاؤٹس ہسپتال میں داخل کردیاگیا جبکہ دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
شمالی وزیرستان کی مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی سہہ پہر افغان سرحد سے متصل علاقہ دتہ خیل سے میرانشاہ جانے والے قافلے میں شامل ایک گاڑی بویا کے مقام پر ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں کئی مشکوک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تاہم اس کارروائی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میرانشاہ شاہراہ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔
ادھر شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان کے ترجمان احمد اللہ احمدی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ اس وقت تک جنگ بندی پر بات نہیں ہوسکتی جب تک علاقے میں قائم فوجی چیک پوسٹوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔
طالبان دھمکی |
ترجمان نے کہا کہ حکومت اور قبائلی مشران کی جانب سے علاقے میں جو امن کمیٹیاں بنائی جا رہی ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو شخص نے ان کمیٹیوں میں شرکت کرے گا وہ ان کا نشانہ بنے گا اور علاقے میں امن معاہدہ ہو جانے کی صورت میں بھی امن کمیٹیوں کے ممبران کو معاف نہیں کیا جائے گا۔