http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 23 October, 2007, 10:57 GMT 15:57 PST

بیورو رپورٹ
اسلام آباد

اسلام آباد اراضی کی تحقیقاتی رپورٹ

ایوان بالا یعنی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے وزارت دفاع سے اسلام آباد کے نئے بین القوامی ہوائی اڈے کی تعمیر کے لیے اراضی کے حصول میں مبینہ خورد برد سے متعلق تفصیلی رپورٹ دس دسمبر تک پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

کمیٹی نے یہ ہدایت پارلیمینٹ ہاؤس میں منگل کو ایک اجلاس میں جس کی صدارت سینیٹر نثار اے میمن کر رہے تھے جاری کی۔ کمیٹی نے وزارت کو اراضی کے حصول کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے لیے کہا۔

کمیٹی کے سربراہ نے واضع کیا کہ رپورٹ میں تمام متعلقہ دستاویزات منسلک کی جائیں جس میں ایجنٹس اور متعلقہ قانون کی تفصیلات بھی پیش کریں۔

وزیر مملکت برائے دفاع اسجد ملہی نے کمیٹی کو بتایا کہ اگرچہ کسی بے نام خط پر وزارت کارروائی نہیں کرتی لیکن پھر بھی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے غیرجانبدارانہ تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔

یہ تحقیقات پانچ اکتوبر کو بعض اخبارات میں ائرپورٹ کی تعمیر کے لیے زمین کے حصول میں خورد برد کے الزامات کے بعد شروع کی گئی تھیں۔

فتح جنگ کے مقام پر نئے ہوائی اڈے کے لیے تیس ہزار کنال زمین کے حصول کا عمل 1984 میں شروع ہوا تھا۔