http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 19 October, 2007, 08:14 GMT 13:14 PST

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ڈیرہ اسماعیل خان

صوبہ سرحد میں دھماکہ ایک زخمی

صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیشن کورٹ کے باہر سڑک پر ایک سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ایف سی کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جعمہ کوصبح دس بجے ہونے والے اس دھماکے میں ایف سی کا اہلکار نذیر زخمی ہوگیا ہے۔ اور سڑک پر سے گزرنے والی پی ٹی سی ایل کے ڈائریکٹر کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس نے سیشن کورٹ جانےوالے تمام راستوں کو بند کیا کر دیا ہے اور کسی کو سین کورٹ کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی تحقیقات کی جارہی ہے لیکن یہ ابھی نہیں کہا جا سکتا کہ اس دھماکے کا نشانہ کون تھا۔

یاد رہے کہ اس پہلے بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں تین خودکش بم دھماکوں کے علاوہ کئی دوسرے بم دھماکے ہوئے تھے جس میں مبینہ طور پولیس کو نشانہ بنایا گیا لیکن بعض پولیس ذارئع کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں پی ٹی سی ایل کے ڈائریکٹر خادم حسین نشانہ تھے جن پر پہلے بھی حملے ہوچکے ہیں۔

خادم حسین کا تعلق شیعہ مسلک ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں سنی شیعہ فسادات کا معاملہ کافی عرصہ سے چلا آرہاہے۔