Tuesday, 09 October, 2007, 13:26 GMT 18:26 PST
عبدالحئی کاکڑ
بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں میوزک کے مشہور بازار نشتر آباد میں واقع سی ڈی کی فلمیں فروخت کرنے والی ایک مارکیٹ میں بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم سولہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پشاورکے ایس ایس پی طاہر خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی شام تقریباً چار بجےنشتر آباد میں واقع سی ڈی کی فلمیں فروخت کرنے والی سٹی نامی مارکیٹ میں پیش آیا ہے۔انکے بقول زخمیوں کوطبی امداد فراہم کرنے کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں چار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دھماکہ خیز مواد کو ایک تھرماس میں بند کر کے ایک دکان کے سامنے رکھا گیا تھا جو بعد میں ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔انکے بقول دھماکے کے نتیجے میں تقریباً پانچ دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ تازہ واقعہ صوبہ سرحد میں سی ڈی سینٹرز کو نشانہ بنائے جانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہوسکتی ہے۔تاہم انکے بقول پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب گیارہ بجے ضلع دیر کے تحصیل میدان میں بھی حجام کی دو دکانوں کو دو بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین دکانیں تباہ ہوگئی ہیں تاہم اس واقعے میں کسی قسم کےجانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ صوبہ سرحد میں حجام کی دکانوں، این جی اوز کے دفاتر اور میوزک سینٹروں کو بم حملوں کا نشانہ بنانا ایک معمول بن گیا ہے تاہم صوبائی دارالحکومت میں پشاور میں ایک طویل عرصے کے بعد اس نوعیت کا واقعہ پیش آیا ہے۔