Monday, 08 October, 2007, 17:31 GMT 22:31 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
خضدار میں مقامی صحافی کے اغواء کے خلاف پیر کو خضدار میں سیاسی جماعتوں نے اور کوئٹہ میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
سیاسی جماعتوں کے مقامی قائدین اور دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے خضدار میں احتجاجی ریلی نکالی جو پریس کلب سے ہوتی ہوئی سیرت چوک پہنچی جہاں مقررین نے مقامی صحافی ریاض مینگل کے اغواء کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مقررین نے کہا ہے کہ چوری کی گاڑیوں کے حوالے سے خبر شائع کرنے پر روزنامہ ’انتخاب‘ کے خضدار کے نمائندے کو مبینہ طور پر اغواء کیا گیا ہے اور انتظامیہ صحافی کی بازیابی کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں ریاض مینگل کو فوری طور پر بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئٹہ پریس کلب کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ موجودہ حکمران اور ان کے حامی اتنے بااثر ہوگئے ہیں کہ ان پر قانون کی عملداری ختم ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاض کی بازیابی کے لیے منگل کو بھی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔
ریاض مینگل کے بھائی نثار مینگل نے بتایا ہے کہ انہوں نے حکمران مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے ایک وفاقی وزیر کے بیٹے اور ایک یونین کونسل کے ناظم کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
خضدار کے پولیس افسر نذیر کرد نےکہا ہے کہ صحافی کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔