Saturday, 06 October, 2007, 15:52 GMT 20:52 PST
علی سلمان، ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور، کراچی
صدر مشرف کی غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج میں کامیابی پر ان کی حامی حکمران اتحادی جماعتوں نے ملک بھر میں جشن منایا۔ریلیاں نکالی گئیں اور تقریبات منعقد کی گئیں۔
لاہور سے بی بی سی کے نامہ نگار علی سلمان نے بتایا کہ وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی میں وزیراعٰلی چیمبر میں ایک پریس کانفرنس میں اپنی جانب سے صدر مشرف کی جیت کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ وہ بار بار کہتے تھے کہ صدر مشرف کو وردی کے ساتھ منتخب کیا جائے گا اور وہ خوش ہیں کہ آج انہوں نے صدر کو وردی سمیت منتخب کرادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے میں ملک میں جشن کا سماں ہے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
پنجاب اسمبلی کےسامنے حکمران مسلم لیگ کے زیراہتمام ایک افطار اور جلسہ کا اہتمام کیا گیا اسی مقام پر شام کو آتش بازی ہوئی۔
جلسے کے لیے پنجاب اسمبلی کے سامنے کرسیاں اور سرخ قالین پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی بچھا دیے گئے تھےاور نتائج آنے کے بعد ان میں اضافہ کردیا گیا۔جلسے سے وزیر اعلٰی پنجاب اور صوبائی وزراء نےخطاب کیا۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ صدر مشرف کی جیت دراصل پوری قوم اور پاکستان کی کامیابی ہے اور ملک بھر میں اس کی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔خود ان کے الفاظ میں ’آج ملک بھر میں جشن کا سماں ہے‘۔
وزیراعلٰی نے پیپلز پارٹی کے اراکین کے بائیکاٹ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنا امیدوار بھی کھڑا کیا تھا لیکن پھر بھی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ مستعفی ہونے والوں اور بائیکاٹ کرنے والوں کو جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہیے تھا۔
کراچی
ادھر کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق حکمران اتحاد کی جانب سے جشن کا اعلان کیا گیا ہے، کراچی میں مسلم لیگ ق کی جانب سے ائرپورٹ سے پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی مزار تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا۔
جبکہ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی جش منانے کا اعلان کیا، متحدہ کے ترجمان کے مطابق شہر بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔
حکومت نے چھ اکتوبر سے نو اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کیا تھا جس کے تحت جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کی گئی تھی مگر اچانک یہ پابندی ختم کردی گئی ہے۔